لکھنؤ،28؍مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش بورڈ کے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سکینڈری ایجوکیشن محکمہ نے سخت تیاری کی ہے۔یوپی کی نئی حکومت کے عزائم کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کے لیے بورڈ نے لکھنؤ میں ایک کنٹرول روم بنایا ہے، یہ کنٹرول روم صبح 7بجے سے شام 7بجے تک کھلے رہیں گے اور لوگ یہاں پر اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں،اس کے لیے بورڈ نے ہیلپ لائن نمبر اور وہاٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا ہے۔غورطلب ہے کہ نائب وزیر اعلی ڈاکٹر دنیش شرما نے ڈائریکٹر برائے سکینڈری ایجوکیشن بورڈ امرناتھ ورما کو نقل سے پاک امتحانات کرانے کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔
ان کی ہدایات پر قدم اٹھاتے ہوئے بورڈ نے کچھ پہل کی ہے ۔ایجوکیشن بورڈ نے لکھنؤ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے، جس کا نمبر 0522-2236760ہے، یہ نمبر کام کے دنوں میں صبح 7بجے سے شام 7بجے تک کام کرے گا، یعنی مسلسل 12گھنٹوں تک لوگ یہاں پر اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔امتحانات میں نقل کے واقعات کو روکنے کے لیے یوپی بورڈ کے ایڈیشنل سکریٹری شیو لال کو نوڈل افسر بنایا گیا ہے۔بورڈ نے شیو لال کے وہاٹس ایپ نمبر 9454457241پر بھی براہ راست شکایات یا تجاویز بھیجنے کے لیے لوگوں سے کہا ہے۔
غورطلب ہے کہ جب ان دونوں نمبر وں پر فون کیا گیا تو دونوں ہی نمبر کافی دیر تک مصروف ہی رہے ۔نقل روکنے کے لیے بورڈ ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ضلع، ڈویزن اور ہیڈکوارٹر سطح کے حکام پر مشتمل ایک وہاٹس ایپ گروپ بھی بنایا ہے جس پر بھی ان شکایات کا بھیجا جاسکتا ہے ، تاکہ متعلقہ افسر اس پر عمل کر کے کارروائی کر سکیں۔